رواں ماہ بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 45 کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔ فوٹوفائل
سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 6 کشمیری شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیاں کے علاقے کپران میں بھارتی فوج کے خصوصی آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ اسی دوران بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ایک گھر بھی مکمل تباہ ہوگیا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 6 کشمیری شہید
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، اس سے قبل جمعہ کے روز بھی ضلع اسلام آباد میں فائرنگ کرکے 6 معصوم کشمیریوں کوشہید کردیا گیا تھا، واقعہ کے بعد بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا، قابض فوج نے مظاہرین پر بھی فائرنگ اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں اب تک 45 کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو عالمی برادری سے چھپانے کے لیے محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔









